محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان سمیت متعدد اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کرم، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی بلوچستان اور اندرون سندھ میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ کے چند علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، نوکنڈی، دالبندین اور دیگر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں، کسانوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 5 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے، تاہم تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، فصلوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔