پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی۔ مظفر آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔ شمولیتی تقریب کے دوران انہیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا گیا، جبکہ متعدد کارکنان بھی مختلف جماعتوں کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن کا حصہ بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں ہونے والی اس تقریب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی سردار شاہنواز اختر نے باقاعدہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ وہ اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور سپورٹرز کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے، جس کو حکومتی جماعت کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے سردار شاہنواز اختر کا خیرمقدم کیا اور انہیں ہار پہنا کر پارٹی میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت—جس میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شامل ہیں—کی بہتر کارکردگی کے مثبت اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر تک بھی پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کا حصہ بن رہے ہیں۔
تقریب کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کئی کارکنان نے بھی مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جو خطے میں سیاسی صورتحال پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔
ادھر گزشتہ روز بھمبر آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا لگا تھا، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل صدر طارق محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔ طارق محمود کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو ملکی اداروں کے خلاف عزائم رکھتی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے نزدیک وطن اور پاک فوج سے بڑھ کر کچھ نہیں، اور وہ ہر حال میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔