وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کردار، بیانیے اور حالیہ سیاسی رویّے پر سخت تنقید کرتے ہوئےکہا کہ پی ٹی آئی نےلبادہ سیاست کا اوڑھا ہوا ہے،کام دہشتگردوں والے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایسے مؤقف اپنائے جو دہشت گرد عناصر کو تقویت دیتے ہیں، حتیٰ کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی حمایت جیسے مؤقف بھی اسی سوچ کی علامت ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف کو بات چیت کے تمام مواقع فراہم کیےتاہم اس جماعت نے مثبت سیاسی عمل کے بجائے مسلسل انتشار کا راستہ اختیار کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ آئینی و قانونی جواز‘‘ پر کیا جائے گا اور پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی پابندی کی قرارداد اسی سمت میں ایک درست قدم ہے۔
ان کے مطابق کسی سیاسی جماعت یا لیڈر کو ریاست اور قومی سلامتی سے بڑا نہیں سمجھا جا سکتا وزیر اطلاعات نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے دشمن ممالک تک نے پاکستان کے خلاف نہیں کیے، لیکن پی ٹی آئی نے ملکی دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوج جیسے اہم ادارے کو نشانہ بنا کر ملک نہیں چل سکتا۔
عطا تارڑ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی ان جوانوں کا مذاق اُڑاتی ہے جو شدید موسم میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اپنی جان قربان کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ احتجاجی کوششوں میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نے وہ مزاحمت دکھائی ہی نہیں جس کا وہ دعویٰ کرتے ہیں۔
واٹر کینن کے سامنے کھڑے ہونے کی بھی ہمت نہ دکھا سکے اور ایک ایم این اے کے مین ہول میں گر کر زخمی ہونے کا واقعہ بھی ان کی ’’غیر سنجیدگی‘‘ کا ثبوت ہے۔عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کا بیانیہ اب براہِ راست فوج اور قومی سلامتی کے خلاف ہو چکا ہے انہوں نے بھارتی میڈیا پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی موجودگی کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب اپنی بات پاکستان میں سنائی نہ دے تو وہ دشمن ملک کے پلیٹ فارمز کا سہارا لیتے ہیں