پنجاب حکومت نے شہری سہولت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے اندراج کے لیے جدید آن لائن سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
اس نظام کے تحت اب شہری بغیر کسی دفتر جانے، قطار میں لگنے یا طویل انتظار کے، گھر بیٹھے اپنی بنیادی شہری معلومات کا اندراج کرسکیں گے، یہ نیا سسٹم نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے تمام ریکارڈ خودکار طریقے سے فوری طور پر نادرا کے سسٹم میں بھی شامل ہو جائے گا۔
محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے تعاون سے جدید سی آر ایم ایس (CRMS) ایپ تیار کی ہے، جس کا افتتاح وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ اس نئی ایپ کے ذریعے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کا اندراج اور حصول اب انتہائی آسان ہو جائے گا ، شہری اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے ہی تمام ضروری معلومات اپ لوڈ کر کے اندراج مکمل کرسکیں گے، جبکہ منظور شدہ سرٹیفکیٹس بھی اسی پلیٹ فارم سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکیں گے۔
ذیشان رفیق کے مطابق محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان اس ای رجسٹریشن سسٹم کے لیے معاہدہ چند ماہ قبل طے پایا تھا، اورمختصر عرصے میں ایک جدید، محفوظ اور مکمل ڈیجیٹل ایپ تیار کر لی گئی ہے۔
یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ڈیجیٹل پنجاب” وژن کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت صوبے میں تمام سرکاری خدمات کو مرحلہ وار آن لائن منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے صوبے بھر میں پیدائش، نکاح، طلاق اور اموات کے درست اور مستند ریکارڈ کی دستیابی ممکن ہوگی، جو نہ صرف حکومتی منصوبہ بندی بلکہ عوامی سہولتوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم پنجاب کی تمام یونین کونسلز سے منسلک ہوگا، جس سے ہر شہری کا ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر محفوظ رہے گا۔
اس ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے صوبہ پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک نمایاں مثال بن کر ابھر رہا ہے، اور عوام کو بنیادی شہری سہولتیں مزید آسانی سے میسر آئیں گی۔