مالی سال 2025-26 ، ترسیلا ت زر میں نمایاں اضافہ ، وزیر اعظم کا اظہار تشکر

مالی سال 2025-26 ، ترسیلا ت زر میں نمایاں اضافہ ، وزیر اعظم کا اظہار تشکر

مالی سال 2025-26 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 41 ارب 58 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں  جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 8.6 فیصد زیادہ ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق جون 2026 میں موصول ہونے والی ترسیلات زر مئی میں بھیجے گئے ریکارڈ 4 ارب 25 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 77 کروڑ ڈالر کم رہیں تاہم مجموعی طور پر مالی سال 2025-26 کے دوران ورکرز ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کی ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ماہانہ اوسط ترسیلات زر 3 ارب 46 کروڑ ڈالر رہیں۔ سب سے زیادہ 9 ارب 75 کروڑ ڈالر سعودی عرب سے موصول ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 6 ارب 32 کروڑ ڈالر، یورپی یونین سے 5 ارب 22 کروڑ ڈالر، دیگر خلیجی ممالک سے 3 ارب 93 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 3 ارب 62 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 2025-26 میں ترسیلات زر میں اضافے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیج کر ایک بار پھر وطن سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلات زر میں 8.6 فیصد اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اوورسیز پاکستانیوں کی موجیں لگ گئیں، ترسیلات زر بھیجنے والوں کیلئے انعامات کا اعلان

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کی سہولت اور خدمات کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

editor

Related Articles