فیفا ورلڈ کپ،مراکش کو شکست ،فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فیفا ورلڈ کپ،مراکش کو شکست ،فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔

کپتان کیلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی شاندار کارکردگی نے فرانس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فرانسیسی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پر متعدد حملے کیے۔

بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں فرانس کو پہلے ہاف کے دوران ایک پینلٹی بھی ملی تاہم ایمباپے کی پنالٹی کک کو مراکش کے گول کیپر نے عمدہ انداز میں روک کر گول ہونے سے بچا لیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور مقابلہ بغیر کسی اسکور کے برابر رہا۔

 یہ بھی پڑھیں :سب سے زیادہ گولزکا ریکارڈ ! فیفا ورلڈ کپ میں کونسی ٹیم سب پر بھاری؟

دوسرے ہاف میں بھی فرانس نے اپنی برتری برقرار رکھی اور مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ بالآخر 60ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ صرف چھ منٹ بعد 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے ایک خوبصورت گول اسکور کر کے فرانس کی برتری 2-0 کر دی۔

میچ کے 82ویں منٹ میں مراکش کو ایک خطرناک فری کک ملی لیکن فرانسیسی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد بھی مراکش کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفاورلڈ کپ،ایمباپے کی شاندار کار کر دگی،فرانس نے سویڈن کو شکست دیدی

اس فتح کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ مراکش کا سفر کوارٹر فائنل میں اختتام پذیر ہوا۔ مراکش نے اس سے قبل قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جہاں اسے کروشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

editor

Related Articles