اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی ، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام سے متعلق اہم معلومات جاری کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کے ادارے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے “سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام” سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں، یہ پروگرام اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ وہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں۔
مذکورہ پروگرام کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ریمیٹنس پر پوائنٹس دیے جاتے ہیں، جنہیں مختلف سرکاری و نجی خدمات کے حصول میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام میں چار درجات متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں گرین، گولڈ، پلاٹینم اور ڈائمنڈ شامل ہیں۔ ان درجات کا تعین سالانہ ترسیلاتِ زر کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایک مالی سال میں 10 ہزار امریکی ڈالر تک ترسیلات بھیجنے والوں کو “گرین” کیٹیگری میں ایک فیصد انعامی پوائنٹس ملیں گے، جبکہ 10 ہزار ایک سے 30 ہزار ڈالر تک رقوم بھیجنے والوں کو “گولڈ” کیٹیگری میں 1.25 فیصد پوائنٹس دیے جائیں گے۔
اسی طرح 30 ہزار ایک سے 50 ہزار امریکی ڈالر تک ترسیلات بھیجنے والوں کو “پلاٹینم” کیٹیگری میں 1.5 فیصد جبکہ 50 ہزار ڈالر سے زائد رقوم بھیجنے والوں کو “ڈائمنڈ” کیٹیگری میں 1.75 فیصد انعامی پوائنٹس فراہم کیے جائیں گے۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق انعامی پوائنٹس نقدی کی صورت میں بھی استعمال کیے جا سکیں گے، جبکہ بیرونِ ملک سے بھیجی گئی ترسیلات پر ملنے والے پوائنٹس کے ذریعے مختلف سرکاری خدمات میں رعایت اور سہولت حاصل کی جا سکے گی۔
یہ پروگرام اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے موبائل ایپ کی صورت میں بھی دستیاب ہے، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اپنے پوائنٹس اور سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق پروگرام کے تحت پی آئی اے میں اضافی سامان کی اجازت، موبائل فون اور گاڑیوں پر ڈیوٹی ادائیگی، نادرا کے شناختی کارڈ اور نائیکوپ کی تجدید، اسٹیٹ لائف انشورنس کی پریمیم ادائیگی، او پی ایف اسکولوں کی فیس، پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر سرکاری خدمات پر انعامی پوائنٹس استعمال کیے جا سکیں گے۔
حکام نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں تاکہ قومی معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔