ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں جنگ بندی کو ناکام بنانے کی اسرائیلی کوششوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے امور خارجہ کے مشیر خلیل الرحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنا عالمی برادری کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اسرائیل پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے تاکہ فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کو ناکام بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی انتہائی تشویشناک ہے اور اس کے اثرات صرف مخصوص ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے کو متاثر کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ صورتحال مزید بگڑنے سے بچائی جا سکے۔
حاقان فیدان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا خیر مقدم بھی کیا اور کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ترکی ان کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے، علاقائی امن کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ہی واحد راستہ ہے۔