حکومت نے چھوٹے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے نیا اور سادہ طریقہ کار متعارف کرا دیا

حکومت نے چھوٹے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے نیا اور سادہ طریقہ کار متعارف کرا دیا

وفاقی حکومت نے چھوٹے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے ایک نیا اور سادہ طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔فکسڈ ٹیکس سکیم کے تحت محدود سالانہ فروخت رکھنے والے تاجروں کو پیچیدہ ٹیکس قواعد سے چھٹکارا ملے گا اور وہ آسان شرائط کے ساتھ رجسٹریشن کرا سکیں گے۔

نئے نظام کے مطابق وہ دکاندار جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے انہیں اپنی آمدن پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، اس اقدام کا مقصد ٹیکس کے موجودہ پیچیدہ ڈھانچے کو آسان بنانا اور چھوٹے تاجروں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اس مقصد کے لیے ایک مختصر رجسٹریشن فارم تیار کیا ہے جس میں دکان، مالک کی بنیادی معلومات، کاروبار کی نوعیت اور سالانہ فروخت کی تفصیلات شامل ہوں گی،یہ فارم اردو سمیت مختلف علاقائی زبانوں میں دستیاب ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ دکاندار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :ٹیکس نیٹ سے باہر ہزاروں ڈاکٹرز ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

رجسٹریشن کا عمل آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے مکمل کیا جا سکے گا، دکاندار ایف بی آر کے ویب پورٹل کے ذریعے یا قریبی ٹیکس دفتر جا کر فارم جمع کرا سکیں گے اور رجسٹریشن چند منٹوں میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

اسکیم میں شمولیت کے لیے درخواست گزار کو 25 ہزار روپے کی ابتدائی فیس جمع کرانا ہوگی جبکہ غلط معلومات دینے یا ٹیکس کی ادائیگی میں کوتاہی کی صورت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کے آڈٹ کے معاملات میں نرمی برتی جائے گی اور معمول کے آڈٹ محدود رکھے جائیں گے،پہلے سے ادا شدہ ٹیکس کو نئے نظام میں ایڈجسٹ کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی تاکہ اضافی مالی دباؤ نہ پڑے۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد دکانداروں کو خصوصی رجسٹریشن پلیٹ اور کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا جسے دکان کے نمایاں مقام پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔

حکومت کے مطابق ایسی رجسٹرڈ دکانوں کو غیر ضروری پوچھ گچھ اور بار بار معائنوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جس سے کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کی پالیسی متعارف کروا دی گئی

ملک میں بڑی تعداد میں چھوٹے کاروبار اب بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں اور اندازوں کے مطابق اس شعبے کا 40 سے 60 فیصد حصہ ابھی تک نظام کا حصہ نہیں بن سکا، حکومت کو امید ہے کہ اس آسان طریقہ کار کے ذریعے مزید تاجر رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن کرائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق یہ نظام تاجر برادری سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور اس میں نئے اور پہلے سے رجسٹرڈ دونوں کاروباری افراد کے لیے مساوی مواقع رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر لاکھوں چھوٹے دکاندار اس نظام میں شامل ہوتے ہیں تو اس سے نہ صرف ٹیکس نیٹ میں وسعت آئے گی بلکہ معیشت کو دستاویزی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

editor

Related Articles