انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ فائنل مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں پاکستانی بیٹنگ لائن نے رنز کے انبار لگا دیے اور پھر باؤلرز نے بھارتی بیٹنگ کو مکمل طور پر قابو میں رکھا۔
میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ اس کے لیے سودمند ثابت نہ ہو سکا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بھاری اسکور کھڑا کیا اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ پاکستانی اننگز کی بنیاد اوپنر سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ نے رکھی، جنہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے، جس نے بھارتی باؤلنگ کو بے بس کر دیا۔ سمیر منہاس اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے، جو ان کی مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 35 رنز کا اضافہ کیا۔ کپتان فرحان یوسف 19 اور حمزہ ظہور 18 رنز بنا سکے۔ اختتامی لمحات میں محمد صیام نے 13 اور نقاب شفیق نے 12 رنز بنا کر اسکور کو مزید مضبوط کیا اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں 348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ دیوندرن نے 36 جبکہ سوریا ونشی نے 26 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 42 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ مکمل طور پر پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔ موجودہ فتح نے نہ صرف پاکستانی کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید دی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد اور صلاحیتوں کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کر دیا۔
میچ کی خاص بات اسٹار کرکٹر سمیر منہاس نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 172 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ دباؤ سے بھرپور بڑے مقابلے میں سمیر منہاس نے غیر معمولی اعتماد اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک یادگار اننگز کھیلی ہے۔
پاکستان کے اسٹار اوپنر بلے باز سمیر منہاس نے پہلے 73 گیندوں پر چوکا لگا کر اپنے سینچری مکمل کی، جس کے بعد نوجوان کرکٹر نے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی اننگز کھیلی، وہ جب تک کریز پر رہے بھارتی بولرز کے لیے دہشت کی علامت بنے رہے۔