چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ملکی دفاع کے لیے ہماری مسلح افواج دن رات کوشاں ہیں ،جامشورو میں واقع کیڈٹ کالج پٹارو میں سالانہ پیرنٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک کے ممتاز تعلیمی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔
کیڈٹ کالج پٹارو نے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی معیار قائم کیا ہے بلکہ نوجوانوں کی کردار سازی، نظم و ضبط اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور پاکستان کا مستقبل انہی نوجوانوں سے وابستہ ہے، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محنت، نظم و ضبط، برداشت اور وطن سے محبت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا ئیں ایک متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے پاکستان کی خودمختاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک باوقار اور منفرد مقام رکھتا ہے اور اپنی آزادی کے دفاع سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے اس موقع پر بھارت کے ساتھ کشیدگی کازکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی محض عسکری نہیں بلکہ اخلاقی فتح بھی تھی جس نے دنیا کو پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کیا،بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج ہر لمحہ ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے تیار رہتی ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خدمت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور یہی جذبہ نوجوانوں کو مستقبل میں قیادت کے منصب تک لے جائے گا۔