پی ٹی آئی کسی راستے پر چلنا ہی نہیں چاہتی،انارکی اور تصادم پر تلی ہوئی ہے، رانا ثناء اللہ

پی ٹی آئی کسی راستے پر چلنا ہی نہیں چاہتی،انارکی اور تصادم پر تلی ہوئی ہے، رانا ثناء اللہ

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر سہیل آفریدی یا کسی اور کی تحریک الگ نوعیت کی ہوگی تو اسے روکنے کے انتظامات بھی اسی حساب سے مختلف اور سخت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی صورت ممکن نہیں کہ کوئی گروہ آئے اور اسلام آباد کو فتح کرلے، ریاست ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دے سکتی۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو راستے نہ دینے کی بات حقیقت پر مبنی نہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کسی جمہوری یا پرامن راستے پر چلنا ہی نہیں چاہتی بلکہ وہ انارکی اور تصادم کا راستہ اختیار کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق جب کوئی گروہ مسلسل افراتفری پھیلانے اور تصادم کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو ریاستی ادارے کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسی خدشے کے باعث بعض ملاقاتیں بند کی گئیں کیونکہ یہ اندیشہ تھا کہ ان رابطوں کو بھی تصادم کی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محمود اچکزئی جو مرضی کہتے رہیں، حقیقت یہ ہے کہ بانی تحریک انصاف کا ایجنڈا صرف اور صرف تصادم ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ تحریک انصاف میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو بات چیت اور مذاکرات کے حق میں ہیں، مگر حتمی فیصلے تصادم کے حامی عناصر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کو رہائی کی آفر کس نے کی ؟رانا ثناء اللہ حقیقت سامنے لے آئے 

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سال 2011 سے 2018 تک  اور اس کے بعد آج تک تحریک انصاف کا طرزِعمل بغاوت، لاقانونیت اور مخالفین کو کچلنے پر مبنی رہا ہے۔ ان کے مطابق جب پی ٹی آئی حکومت میں تھی تو اپوزیشن کے خلاف یہی ہتھکنڈے استعمال کیے گئے اور اب اپوزیشن میں آکر حکومت کے خلاف بھی وہی راستہ اپنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے نو مئی کے مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسز طویل عرصے سے زیرِ سماعت ہیں، اب اگر ان کے فیصلے نہیں ہوں گے تو پھر کب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی جماعت یا گروہ ملک میں فتنہ، انارکی اور افراتفری پھیلانے پر تُل جائے تو ریاست کے پاس کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا۔

یہ بھی پڑھیں :توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ پی ٹی آئی دور حکومت میں ہونیوالی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے، رانا ثناء اللہ

رانا ثناء اللہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بعد میں یہ شکوہ نہیں ہونا چاہیے کہ مقدمات قائم ہوگئے یا سزائیں ہوگئیں، کیونکہ جب قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا جائے گا تو قانون بھی اپنا راستہ ضرور لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی گلی، محلے یا شہر میں کسی قسم کے پرتشدد یا اشتعال انگیز احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، خاص طور پر جب کوئی یہ کہے کہ وہ مسلح ہوکر آ رہا ہے، اسلام آباد فتح کرے گا یا کفن باندھ کر نکلے گا۔ ان کے مطابق ایسے بیانات اور اقدامات ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *