وفاقی حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں اور اس سلسلے میں تین سالہ روڈ میپ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کاروباری افراد کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ یہ شعبہ معیشت میں مستحکم کردار ادا کر سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا کے بزنس پلان سے متعلق اہم اجلاس میں آئندہ تین برسوں کے لیے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کا تفصیلی لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے قابلِ عمل اور حقیقت پسندانہ منصوبہ تیار کرنے پر ہارون اختر اور سمیڈا بورڈ کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی بنیاد ہیں، یہی شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے اور برآمدات میں اضافے کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس شعبے کو سہولت دی جائے تو ملکی معیشت مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کاروبار کرنے والوں کو آسان قرضے فراہم کرنے کے لیے موجودہ رکاوٹیں فوری اور مؤثر طریقے سے ختم کی جائیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ملک کے چھ بڑے شہروں میں مختلف تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا چکی ہیں، جن کا مقصد کاروباری افراد کو جدید مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت پر بھی روشنی ڈالی گئی، اور حکام نے بتایا کہ خواتین کو ایس ایم ای سیکٹر میں فعال کردار دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ معاشی ترقی میں بھرپور حصہ ڈال سکیں۔