نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں بند؟ سولر صارفین کیلئے بری خبر

نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں بند؟ سولر صارفین کیلئے بری خبر

پاکستان میں سولر توانائی استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے مسلسل مسائل کا سامنا ہے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نیپرا کے سخت نوٹس کے باوجود نیٹ میٹرنگ کی درخواستوں کی رجسٹریشن بند کر رکھی ہے، جس کے باعث نئی درخواستیں وصول نہیں کی جا رہیں۔

متاثرہ صارفین کے مطابق وہ بار بار دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، تاہم انہیں اس حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔ صورتحال کے باعث سولر سسٹم لگوانے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

پاکستان سولر ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر حکومت اور نیپرا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین وقاص موسیٰ کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے عائد کی گئی خودساختہ پابندیوں نے نہ صرف صارفین بلکہ سولر انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2026 میں سولر پینلز سستے ہونگے یا مہنگے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

وقاص موسیٰ نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں پالیسی میں تبدیلی کے باوجود کام کو روکا نہیں جاتا، جبکہ پاکستان میں نیٹ میٹرنگ کا عمل مکمل طور پر متاثر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سولر پینلز میں لاکھوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے صارفین کئی مہینوں سے نیٹ میٹرنگ کے منتظر ہیں، جبکہ استعمال ہونے والے میٹرز کی منظوری بھی روک دی گئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں مختلف بہانوں کے ذریعے نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ شکنی کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین کے ساتھ ساتھ ملکی سولر انڈسٹری کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Articles