وفاقی حکومت نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یکم مئی بروز جمعہ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس روز تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر کاروباری مراکز بند رہیں گے تاکہ محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
یکم مئی کو عام تعطیل جمعہ کے روز ہونے کے باعث عوام کو اس بار تین روزہ طویل ویک اینڈ میسر آنے کا امکان ہے،جمعہ کی چھٹی کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات بھی شامل ہوں گی، جس سے شہریوں کو مسلسل آرام اور گھومنے پھرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
پاکستان میں ہر سال یکم مئی کو یومِ مزدور منایا جاتا ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کی جدوجہد کو یاد کرنا اور ان کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے لیے شعور اجاگر کرنا ہوتا ہے، اس دن مختلف سطحوں پر تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ مزدوروں کے کردار کو سراہا جا سکے۔