ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جبکہ حکام کے مطابق پاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالر کا پیکج بھی منظور کرلیا گیا ہے جس میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 50 کروڑ ڈالر گارنٹی شامل ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ رپورٹ 2025 جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان میں بنیادی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری محدود ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محدود سرمایہ کاری کی بڑی وجہ مالی دباؤ ہے اور منظور شدہ پروگرام کا مقصد بجٹ خسارہ اور سرکاری قرض کو کم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سماجی شعبے پر زیادہ فنڈز خرچ کیے جائیں گے جبکہ ٹیکس نظام اور محصولات میں بہتری لائی جائے گی۔ خواتین کی معاشی شرکت بڑھانے کے لیے 35 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان میں خواتین کی مالی شمولیت میں بڑا خلا موجود ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث خطے میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ گلیشیئرز پگھلنے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔ اس ضمن میں گرین کلائمیٹ فنڈ کے 25 کروڑ ڈالر سے پانی اور زرعی نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
بینک کی سالانہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کاپر اور گولڈ مائن منصوبے کے لیے جدید فنانسنگ پیکیج کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اے ڈی بی نے 2025 میں خطے میں مجموعی طور پر 29.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔