موسم سے متعلق پی ڈی ایم اے کا نیا الرٹ جاری

موسم سے متعلق پی ڈی ایم اے کا نیا الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافے، ممکنہ برفباری اور دھند و سموگ کی صورتحال کے پیش نظر 16 جنوری تک الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ ساتھ برفباری کے واضح امکانات موجود ہیں  جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس  ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سرد موسم کے ساتھ ساتھ دھند اور سموگ کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہےجس سے بالخصوص موٹر ویز، نیشنل ہائی ویز اور شہری سڑکوں پر حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی تناظر میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال، تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب پر زور دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب: تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ و طالبات کو سردی کے پیش نظر مناسب لباس سے متعلق آگاہی دی جائے اور کلاس رومز میں سردی سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اسی طرح محکمہ صحت کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام ہسپتال، بالخصوص بیسک ہیلتھ یونٹس میں ادویات، طبی سہولیات اور عملے کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر آنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مری کے مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *