پاکستان کو قطر سے ایل این جی کی سپلائی کا سلسلہ جاری ہے اور دو ایل این جی کارگو پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید سپلائی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون ایل این جی سپلائی اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم نے بروقت سہولت کاری اور پاکستان کو ایل این جی کی مسلسل فراہمی پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی ترجیح یہ ہے کہ ضروری منظوریوں کے ساتھ دوست ممالک سے توانائی سپلائیز کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں قطر کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی توانائی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اضافی گیس سپلائی کے حصول کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ صنعتوں، بجلی گھروں اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم کی قیادت میں ایک جامع انرجی سیکیورٹی پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس کا مقصد مستقبل میں توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور بیرونی سپلائی پر انحصار کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ آنے والے مہینوں میں ایل این جی سپلائی کا سلسلہ مستحکم رکھا جا سکے