عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا خدشہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا خدشہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں درآمدی ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے مالی دباؤ میں اضافہ کر رہی ہیں، جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ کر ایک سو دس ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ چکی ہیں جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی ایک سو ڈالر فی بیرل سے اوپر ٹریڈ کر رہی ہے۔

اس اضافے کی بڑی وجوہات میں عالمی سپلائی میں کمی، بعض بڑے پیداواری ممالک میں پیداوار کی پابندیاں اور مختلف خطوں میں جاری جغرافیائی کشیدگی شامل بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت نے پیٹرول قیمتوں کا اعلان کر دیا ، نوٹیفکیشن جاری

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جب عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوتا ہے تو درآمدی معیشتوں کو فوری طور پر اس کا اثر برداشت کرنا پڑتا ہے،پاکستان چونکہ اپنی ضرورت کا بڑا حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی قیمتوں میں اضافہ مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو اوپر لے جاتا ہے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کم از کم 10 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی اسی تناسب سے اضافہ متوقع ہے،اس مجوزہ اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش اور دیگر روزمرہ ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جائزے میں حکومت نے پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے92 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں15روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتیں414روپے کے قریب پہنچ گئی تھیں۔

اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مزید قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں پر پڑے گا۔

editor

Related Articles