اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر پائیدار امن کے لیے مکالمے کی بالادستی ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم متعدد ممالک کی کوششوں، بالخصوص ریاستہائے متحدہ امریکا کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ تمام فریق جاری سفارتی عمل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، یہ کوششیں ایک منصفانہ اور پائیدار تصفیے پر منتج ہوں گی، جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوشش یوکرین اور روس کے سلامتی مفادات سے ہم آہنگ ہو اور یورپ میں امن و استحکام کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ یوکرین روس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین سے جنگ کے خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدہ ہیں ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پیوٹن کے ساتھ ان کی 75 منٹ طویل گفتگو ہوئی جس کے بعد انہیں یقین ہوگیا ہے روس جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ امن مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے بات چیت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل پیرس میں شدید برف باری اور سردی میں روس یوکرین کے درمیان جنگ میں یوکرین کی سلامتی اور مستقبل کے امن معاہدے کے حوالے سے ایک اہم عالمی اجلاس منعقد ہوا جسے “رضاکارانہ “ مشاورت کہا جاتا ہے۔
اس اجلاس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زلنسکی کے ساتھ ساتھ 35 ممالک کے نمائندے شریک ہوئے جن میں 27 سربراہان مملکت یا حکومت بھی شامل ہیں۔ اجلاس، روس یوکرین جنگ کے حل اور یوکرین کے لیے مضبوط سیکیورٹی گارنٹیوں پر بات چیت کے لیے بلایا گیا تھا۔