فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات،دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات،دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل وچیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجا فری سجامسودین نے جی ایچ کیومیں ملاقات کی ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ خطے اور دنیا میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، ادارہ جاتی روابط کے فروغ، تربیتی تعاون میں اضافے اور دفاعی صنعت میں شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

دونوں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے دفاعی شعبے میں عملی تعاون کو نئی جہت دی جا سکتی ہے جس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کو تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی ایئر چیف کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون فروغ دینے پر تبادلہ خیال

انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے مشکل حالات میں جس عزم، حوصلے اور مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے، انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کےساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اسٹریٹجک مفادات کی ہم آہنگی کی بنیاد پر مضبوط اور دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید گہرا ہوگا۔

قبل ازیں انڈونیشیا کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جافری شمس الدین کی قیادت میں راولپنڈی میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ لیبیا، فوجی قیادت سے اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اس ملاقات میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے، مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام اور صنعتی شراکت داری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے مشترکہ ورکنگ گروپس کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔
دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم یہ برادرانہ تعلقات آنے والے وقت میں طویل المدتی اور ہمہ جہت شراکت داری میں تبدیل ہوں گے۔

editor

Related Articles