اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے منصفانہ حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عالمی برادری آج تک ان دیرینہ تنازعات کا حل نکالنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ میں تنازعات سے بچاؤ اور ان کے حل کے موضوع پر منعقدہ مباحثے سے خطاب کے دوران کہی۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں بلکہ ان کا حل صرف اور صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے، عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے تمام تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور یہی مؤقف پاکستان نے سلامتی کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر اپنایا ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی قوانین کی موجودگی کے باوجود بعض تنازعات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے جس سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جنم لے رہی ہیں۔
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ گزشتہ روز بھی انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا تھا کہ دنیا بھر میں جاری تمام تنازعات کو طاقت کے بجائے مکالمے، سفارتکاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے فلسطینی عوام اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے۔
عاصم افتخار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی بنیاد پر تنازعات کے حل کی حمایت جاری رکھے گا اور مظلوم اقوام کے ساتھ اپنی اصولی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔