پمز اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے۔پمز اسپتال کے 3 ڈاکٹروں پر مشتمل پینل اڈیالہ جیل پہنچا، جس میں ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر عاصم شامل تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مجموعی صحت کا جائزہ لیا۔ ٹیم میں شامل ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں اور دانتوں کا خصوصی معائنہ کیا جبکہ جنرل فزیشن نے سابق وزیراعظم کا مکمل طبی چیک اپ کیا۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران ڈاکٹرز نے عمران خان کو بعض ادویات تجویز کی ہیں تاکہ صحت سے متعلق شکایات پر قابو پایا جا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ ڈاکٹرز کی ٹیم مرتب کر رہی ہے جو مکمل ہونے کے بعد جیل انتظامیہ کو ارسال کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کا عمل معمول کے مطابق اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیا گیا۔
ادھر منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات جیل انتظامیہ کی نگرانی میں مقررہ قوانین کے مطابق ہوئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی، اس دوران دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور باہمی گفتگو کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات ہر ہفتے ایک مرتبہ کرائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق ملاقات کا مقصد قیدی کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانا اور جیل قواعد کے مطابق سہولت فراہم کرنا ہے۔