پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس بدنظمی اور اندرونی اختلافات کی نذر ہو گیا، خیبرپختونخوا ہاؤس میں بلائے گئے اجلاس کے دوران شدید تلخ کلامی کے باعث پارٹی قیادت اور ارکان کو اجلاس ادھورا چھوڑنا پڑا، جس کے بعد اجلاس ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے آغاز پر ہی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک اور خاتون سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، شاہد خٹک نے ڈاکٹر زرقا کی اجلاس میں شرکت پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ آپ نے 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کا ساتھ دیا، اس لیے آپ میری موجودگی میں اجلاس میں نہیں بیٹھ سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات میں مزید شدت، 25 اہم اراکین کو شوکاز نوٹس جاری
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد خٹک نے واضح الفاظ میں کہا کہ آپ نے پارٹی مؤقف کے برخلاف ووٹ دیا، اس لیے آپ کو اجلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جس پر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 26 ویں ترمیم میں حکومت کو ووٹ نہیں دیا اور ان پر لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر زرقا سہروردی کے اجلاس سے باہر جانے سے انکار پر ماحول مزید کشیدہ ہو گیا، جس کے بعد شاہد خٹک غصے میں اجلاس چھوڑ کر چلے گئے، صورتحال بگڑتی دیکھ کر دیگر ارکان نے بھی اجلاس میں بیٹھنا مناسب نہ سمجھا اور وہ بھی باہر نکل گئے۔
مزید پڑھیں:افغان، تاجکستان سرحد پر صورتحال انتہائی سنگین، چین کا اپنے شہریوں کو فوری انخلا کا انتباہ

