وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وادی تیراہ میں جاری سیکورٹی آپریشن سے متعلق بیان کو حقائق کے منافی، سیاسی مفاد پر مبنی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی رنگ دینا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے بلکہ یہ ریاستی مفادات کے بھی خلاف ہے۔
طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ وادی تیراہ میں جاری انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کسی فرد، سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے امن، شہریوں کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ناگزیر اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر دینا کہ آپریشن کا مقصد کسی حکومت کو بدنام کرنا یا گرانا ہےایک خطرناک سیاسی بیانیہ ہے جو بالواسطہ طور پر دہشتگرد عناصر کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وادی تیراہ کے معاملے پر سینئر صحافی حماد حسن نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالات اُٹھا دیئے
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں سنبھالنے میں ناکام رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت بروقت اور ٹھوس فیصلے کرتی تو وفاق کو سخت سیکورٹی اقدامات کی ضرورت پیش نہ آتی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی مسترد کیا کہ سیکیورٹی سے متعلق فیصلے بند کمروں میں سیاسی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں ،یہ محض جھوٹ اور پراپیگینڈا ہے کیونکہ ایسے تمام فیصلے ریاستی ادارے زمینی حقائق، انٹیلیجنس رپورٹس اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں نہ کہ سیاسی بیانات یا دباؤ کی بنیاد پر۔
نقل مکانی کے مسئلے پر وزیراعلیٰ کے موقف کو بھی انہوں نے گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے متاثرہ افراد کی بحالی، امداد اور سہولتوں کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر رکھا ہے بلکہ صوبائی حکومت اس معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کر رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو سیاست کا ایندھن بنانا انتہائی افسوسناک طرزِ عمل ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وادی تیراہ آپریشن سے متعلق بیان حقائق کے برعکس، سیاسی مفاد پر مبنی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ دہشتگردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی رنگ دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ریاستی مفادات کے خلاف ہے۔
وادی تیراہ میں جاری اقدامات کسی فرد،…
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) January 27, 2026

