ہالی ووڈ کی مقبول جوڑی ٹام ہالینڈ اور زینڈایا نے شادی کی تصدیق کے بعد پہلی بار اپنی رومانوی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
دونوں اداکاروں نے یہ تصاویر روم میں اپنی نئی فلماسپائیڈرمین، برینڈ نیو ڈے کی پروموشنل تقریب کے دوران بنوائیں اور بعد ازاں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کیں۔
زینڈایا کی جانب سے شیئر کیے گئے تصویری البم میں اداکارہ 1997 کے ونٹیج جیانی ورساچے لباس میں نظر آئیں۔ تاہم مداحوں کی توجہ سب سے زیادہ اس تصویر نے حاصل کی جس میں ٹام ہالینڈ محبت بھرے انداز میں زینڈایا کے ماتھے پر بوسہ دیتے دکھائی دیے، جبکہ اداکارہ مسکراتے ہوئے کیمرے کی جانب دیکھ رہی تھیں۔
زینڈایا نے تصاویر کے ساتھ مختصر پیغام میں لکھا، ’روم سے سب کو سلام کہنا چاہتی تھی۔‘
دوسری جانب ٹام ہالینڈ نے بھی تقریب کی تصاویر شیئر کیں جن میں ایک تصویر میں دونوں ریڈ کارپٹ پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ اداکار نے اپنی پوسٹ میں روم سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نئی اسپائیڈر مین فلم کی ریلیز کا بھی ذکر کیا۔
تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کئی صارفین نے اس جوڑی کو ہالی ووڈ کی پسندیدہ ترین جوڑی قرار دیا، جبکہ بعض نے تصاویر کو ’’ہنی مون وائب‘‘ اور دونوں کو ’’پرفیکٹ کپل‘‘ کا لقب دیا۔
یہ تصاویر ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب چند روز قبل ٹام ہالینڈ نے بالآخر اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران جب ان سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی وائرل شادی کی تصاویر کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ ’’سب لوگ وہاں موجود تھے‘‘۔ مداحوں نے ان کے اس بیان کو شادی کی تصدیق قرار دیا۔
یاد رہے کہ ٹام ہالینڈ اور زینڈایا نے 2021 میں اپنے تعلقات کو باضابطہ طور پر عوام کے سامنے تسلیم کیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث اور پسندیدہ جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
دوسری جانب مداح دونوں ستاروں کو ایک بار پھر بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ ان کی نئی فلم اسپائیڈرمین، برینڈ نیو ڈے کی عالمی نمائش 29 جولائی سے شروع ہوگی، جبکہ فلم امریکا میں 31 جولائی 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔