پی ٹی آئی کا اقبال آفریدی کے خلاف بڑا ایکشن، پارٹی رکنیت معطل

پی ٹی آئی کا اقبال آفریدی کے خلاف بڑا ایکشن، پارٹی رکنیت معطل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال خان آفریدی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کر دی ہے جبکہ انہیں پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ بھی سامنے آگیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد پارٹی امور پارلیمانی سرگرمیوں اور تنظیمی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے وفد کے دوران پیش آنے والے واقعے پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے رکن قومی اسمبلی اقبال خان آفریدی کی جانب سے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کی شدید مذمت کی اور اسے ناقابل قبول قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ کیس میں بڑی پیش رفت

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اقبال آفریدی کے خلاف ماضی میں سامنے آنے والی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے بعد متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کر دی گئی۔

پارلیمانی پارٹی نے قرارداد کے ذریعے اقبال آفریدی کو پاکستان تحریک انصاف سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس کے شرکا کا مؤقف تھا کہ پارٹی اپنے ارکان سے پارلیمانی روایات تنظیمی نظم و ضبط اور باہمی احترام کی پابندی کی توقع رکھتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی اپنے وقار اتحاد اور جمہوری اقدار کے خلاف کسی بھی طرزِ عمل کو برداشت نہیں کرے گی اور تنظیمی ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پارٹی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اراکین کو تنظیمی اصولوں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنا ہوگی تاکہ جماعت کے اندر اتحاد اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles