پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں مہمند نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے کسی رہنما کے پاس عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق معلومات موجود تھیں اور اس کے باوجود یہ معاملہ پارٹی کی دیگر قیادت سے چھپایا گیا تو یہ نہایت سنگین جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں مہمند نے کہا کہ اگر متعلقہ افراد کو پہلے سے عمران خان کی صحت سے متعلق صورتحال کا علم تھا تو پھر اس حوالے سے بروقت آگاہ کیوں نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات ذاتی نوعیت کے ہو سکتے ہیں، تاہم کچھ امور ایسے ہوتے ہیں جنہیں خفیہ رکھنا درست نہیں ہوتا۔
ہمایوں مہمند نے مزید کہا کہ جب پارٹی قیادت کے لیڈر کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوں اور آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ موجود ہو، اور اس کے باوجود قیادت کو لاعلم رکھا جائے، تو یہ غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت اور کارکنان کو ایسے حساس معاملات میں اعتماد میں لینا ضروری ہوتا ہے، تاکہ شفافیت برقرار رہے اور غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔