نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کاحلف اٹھا لیا،رہنما مسلم ن نہال ہاشمی سے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر راجپوت نے لیا
حلف برداری تقریب میں وفاقی وزراء ، صوبائی وزراء، بار کونسل کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک تھیں ۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے نہال ہاشمی کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حلف برداری کی تقریب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، صوبائی وزیر سعید غنی اور سینیٹر وقار مہدی سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ترجمان برائے وفاق راجہ انصاری، علی اکبر گجر اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب کے دوران شرکا نے نئے گورنر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اپنے ابتدائی بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بلا امتیاز ہر شہری کی خدمت کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کی ہے اور بطور گورنر وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
انہوں نے اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لیے جو کردار ممکن ہوگا وہ ضرور ادا کریں گے۔
اس سے قبل صدر مملکت نے وزیر اعظم کی سفارش پر نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہ اپنی ترجیحات طے کریں گے اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک آئینی گورنر کے طور پر صوبے میں ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔