بسنت کے تہوار کی آمد کے ساتھ ہی لاہور جانے والے شہریوں کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے ملک بھر سےلوگ بسنت کے لیے لاہور کا سفر کر رہے ہیں ،بسنت کی خوشی کے ساتھ عوام کے لیے ایک مایوس کن خبر بھی ہے کہ فضائی اور ریلوے سفر شدید مہنگا اور مشکل ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بسنت منانے کے لیے فلائٹس اور ٹرینوں میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،پی آئی اے اور دیگر نجی ائیرلائنز نے لاہور جانے والی پروازوں کے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔
اب کراچی سے لاہور کے لیے یکطرفہ فلائٹ ٹکٹ کی قیمت 68 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے،فضائی سفر پر مسافروں کے بڑھتے دباؤ کی وجہ سے ہر گھنٹے کے ساتھ کرایوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کی تقریبات کے باعث محدود نشستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ائیرلائنز نے قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھا دی ہیں، جس سے عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔
پانچ فروری کی سرکاری چھٹی بھی اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، کیونکہ اس دن جلد لاہور جانے والے مسافر مجبور ہیں کہ وہ مہنگے ٹکٹ خرید کر سفر کریں۔فضائی سفر کے علاوہ ریلوے سفر کی صورتحال بھی بہتر نہیں ہے۔
کراچی سے لاہور جانے والی ٹرینوں میں رش بڑھنے کے باعث ٹکٹیں نایاب ہو گئی ہیں اور مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جگہ نہ ملنے پر کئی شہری مہنگے ہوائی سفر کا سہارا لے رہے ہیں،شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں اور مہنگے ٹکٹ بیچنے والی ائیرلائنز کے خلاف کارروائی کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔