ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں پاکستان کے بھارت سے کھیلنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پریشان ہو گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹ کیمطابق پاکستان کے فیصلے نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کو پریشان کر دیا ہے اور اب آئی سی سی پاکستان کو منانے کے لیے راہیں تلاش کررہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر پاکستان سے بیک چینل بات چیت کرے گا، آئی سی سی نے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو بیک چینل بات چیت کی ذمے داری دی ہے۔
عمران خواجہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر بات کریں گے، سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کرنے والے عمران خواجہ کو پی سی بی کو کھیلنے پر آمادہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمران خواجہ کو موجودہ صورتِ حال میں پلے دی پیس میکر کا کردار ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اتوار کو 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو تاحال باضابطہ طور اپنے پلیٹ فارم سے آگاہ کرنے کی کارروائی مکمل نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت کی تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ 2026 میں شامل کر لیا، جس کے بعد پاکستان نے اس فیصلے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔