کابینہ ڈویژن پاکستان نے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی کے لیے توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا ہے جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کو موصول ہونے والے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس عرصے میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت متعدد اہم شخصیات کو مختلف غیر ملکی تحائف موصول ہوئے۔
ریکارڈ کے مطابق فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہیں تحائف موصول ہوئے۔ اس کے علاوہ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیراعظم کے ترجمان برائے فارن میڈیا، چیئرمین نیب اور دیگر اعلیٰ حکام کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
جاری تفصیلات کے مطابق صدر اور وزیراعظم سیکریٹریٹ کے متعدد افسران ملٹری سیکریٹریز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور معاون خصوصی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جنہیں مختلف ممالک کی جانب سے تحائف دیے گئے۔
ریکارڈ میں شامل اشیاء میں گھڑیاں، جیولری سیٹ، پینٹنگز، شیلڈز، ٹی سیٹ، ٹائی، ڈیکوریشن پیسز، تلواریں، ہار، کتابیں، موبائل فون، ٹی شرٹس اور روایتی لباس سمیت متعدد اشیاء شامل ہیں۔ حکومتی دستاویز کے مطابق تمام موصول ہونے والے تحائف کو قواعد کے مطابق توشہ خانہ میں جمع کرایا گیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے جبکہ اس سے قبل بھی مختلف ادوار کا توشہ خانہ ریکارڈ عوام کے لیے جاری کیا جا چکا ہے جس میں 1997 سے 2025 تک کی تفصیلات شامل ہیں۔