ایرانی کرنسی کی اونچی اڑان جاری،خریدار کروڑوں کمانے لگے

ایرانی کرنسی کی اونچی اڑان جاری،خریدار کروڑوں کمانے لگے

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور خطے میں کشیدگی میں کمی کے بعد پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے باعث چند ماہ قبل سستے داموں ریال خریدنے والے سرمایہ کار اور کرنسی ڈیلرز بھاری منافع کمانے لگے ہیں۔

کرنسی مارکیٹ سے وابستہ ذرائع کے مطابق ایران کے ساتھ جنگی صورتحال کے دوران اور اس سے قبل بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں نے انتہائی کم نرخوں پر ایرانی ریال خرید کر ذخیرہ کر لیا تھا۔ اب جنگ بندی، سفارتی پیش رفت اور ایران کی معاشی صورتحال میں بہتری کی توقعات کے باعث ریال کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس نے اس کی قیمت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال (10 ملین ریال) کی قیمت 10 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ چند ماہ قبل یہی رقم چند ہزار روپے میں دستیاب تھی۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ جن افراد نے لاکھوں اور کروڑوں ریال خرید کر رکھے تھے وہ اب قیمت بڑھنے پر فروخت کر کے لاکھوں بلکہ کروڑوں روپے منافع حاصل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئیں، بڑا اضافہ

مارکیٹ ذرائع کے مطابق جنگ بندی کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ایران کے حوالے سے مثبت معاشی توقعات نے ریال کی خریداری میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ پاکستان کے مختلف شہروں خصوصاً کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں ایرانی ریال کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

 ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت اور امن مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں نے بھی ریال کی قدر کو سہارا دیا ہے۔ عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی کشیدگی کم ہونے کے اشاروں کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق ریال کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اس کی قدر مزید بڑھ سکتی ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ خطے کی سیاسی صورتحال میں کسی بھی نئی تبدیلی سے کرنسی مارکیٹ کا رخ بدل سکتا ہے۔

 ایرانی ریال اس وقت پاکستان کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں سب سے زیادہ زیرِ بحث غیر ملکی کرنسی بن چکا ہے اور حالیہ مہینوں میں اس سے منسلک سرمایہ کاری نے متعدد افراد کو غیر معمولی منافع فراہم کیا ہے۔

editor

Related Articles