وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق عازمین حج 2027 کے لیے رجسٹریشن آج (22 جون) سے شروع ہوگی، جس کے لیے کوئی رجسٹریشن فیس نہیں ہوگی۔
وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کی رجسٹریشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، رجسٹریشن کے بعد ہی سرکاری یا نجی حج اسکیم کا انتخاب ممکن ہوگا۔
حکومت کیجانب سے حج 2027 کے خواہش مند افراد کو بروقت رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 رجسٹریشن مفت ہوگی اور اس کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، حج 2027 کی رجسٹریشن پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی۔
حکومت کی جانب سے سرکاری اور نجی حج اسکیم دونوں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی جا سکے گی۔
رجسٹریشن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرا سکیں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کی سہولت ہوگی اور حج رجسٹریشن ملک بھر کے مقررہ بینکوں سے کرائی جا سکے گی۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مطابق عازمین حج کو سرکاری ویب سائٹ www.hajj.mora.gov.pk پر اپنا یوزر اکاؤنٹ بنا کر اپنی اور اپنے گروپ کی تفصیلات کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی۔