حج 2027 کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ، پانچ دنوں میں اب تک ایک لاکھ 7 ہزار پانچ 587 افراد نے رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل مسلسل چھٹے دن بھی کامیابی سے جاری ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ ابتدائی 5 دنوں کے دوران ہی ملک بھر سے 1 لاکھ 7 ہزار 587 افراد نے گھر بیٹھے اپنی حج رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے، اور یہ بلاتعطل سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ ہونے والے افراد میں سے 85 ہزار درخواست گزاروں نے سرکاری جبکہ 22 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
اس کے علاوہ 56 ہزار افراد نے لانگ حج پیکیج کو ترجیح دی ہے، جبکہ 51 ہزار زائرین نے شارٹ حج پیکیج کا انتخاب کیا ہے، اب تک درخواست جمع کرانے والوں میں 63 ہزار مرد اور 44 ہزار خواتین شامل ہیں۔
رجسٹریشن کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 51,000 افراد ، سندھ میں 33,000 افراد ، خیبرپختونخوا میں 15,000 افراد ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5,500 ، بلوچستان میں 2,000 ، آزاد کشمیر میں 600 اور گلگت بلتستان میں 02 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
خیال رہے کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان نے عازمین حج کو سرکاری ویب سائٹ www.hajj.mora.gov.pk پر اپنا یوزر اکاؤنٹ بنا کر اپنی اور اپنے گروپ کی تفصیلات کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ تشکیل دیں تاکہ آئندہ مراحل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے میں درخواست گزار کے پاس ڈیجیٹل تصویر، قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کا ہونا ضروری ہے، جبکہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کی شرط اگلے مرحلے میں لازمی ہوگی۔
اس کے علاوہ عازمین حج رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 051-9216980، 051-9216981، 051-9216982 اور 051-9205696 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔