کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ خط میں مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی صحت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے اور انہیں ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے ارسال کیے گئے خط پر پارٹی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاپ محمود قریشی، داکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید کے دستخط ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین کی صحت کے معاملے پر سیاست بند کی جائے، عدالتوں میں مقدمات کی پیروی مؤثر انداز میں کی جائے اور پارٹی عہدیداروں، وکلا اور اہل خانہ کی ملاقاتوں کو یقینی بنایا جائے۔
رہنماؤں نے رمضان المبارک کے دوران احتجاجی سرگرمیاں مؤخر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے تنظیمی استحکام پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے “تحریک تحفظ آئین پاکستان” کو پارلیمانی حکمت عملی اپنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی باہمی مشاورت سے فیصلے کریں اور انہیں تحریری ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
خط میں فعال کارکنوں کی تربیت، تنظیم سازی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر زور دیا گیا ہے، جبکہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی جیسے قومی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے صدر آصف علی زرداری کے عمران خان سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مشکل حالات میں باوقار انداز میں قید کاٹ رہے ہیں۔
حکومتی حلقوں کی جانب سے اس خط پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔