حکومت پنجاب نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2024-25 میں ناکام یا سپلیمنٹری آنے والے طلبہ کے لیے بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے مفت ہنرمندی اور فنی تعلیم کے کورسز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسے نوجوانوں کو تعلیمی ناکامی کے بعد مایوسی سے بچانا اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پروگرام اسکلز ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تحت متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے طلبہ کو مختلف فنی اور تکنیکی شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام میں داخلے کے لیے 2024-25 کے امتحانات میں ناکام یا سپلیمنٹری حاصل کرنے والے طلبہ آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنانا، بیروزگاری میں کمی لانا اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ فنی تعلیم کے ذریعے طلبہ نہ صرف ملکی سطح پر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے بلکہ بیرون ملک ملازمت کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
اس حوالے سے پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ متعلقہ طلبہ کو پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور انہیں بروقت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اُن طلبہ کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو کسی وجہ سے میٹرک میں کامیابی حاصل نہ کر سکے، کیونکہ ہنرمندی کی تعلیم انہیں عملی زندگی میں آگے بڑھنے کا نیا راستہ فراہم کر سکتی ہے۔