پاکستان کی پہلی ’جینڈر سورٹڈ اسٹرا لیب قائم، لائیوسٹاک شعبے میں انقلاب، دودھ کی پیداوارمیں اضافہ

پاکستان کی پہلی ’جینڈر سورٹڈ اسٹرا لیب قائم، لائیوسٹاک شعبے میں انقلاب، دودھ کی پیداوارمیں اضافہ

گرین کارپوریٹ لائیوسٹاک انیشیٹو کی جانب سے پاکستان کی پہلی جینڈر سورٹڈ اسٹرا لیب اوکاڑہ میں قائم کر دی گئی ہے، جسے لائیوسٹاک کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر کو جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے اسے پائیدار اور منافع بخش صنعت میں تبدیل کرنا ہے۔

ادارے کے مطابق جینیاتی بہتری، جدید افزائش نسل کی ٹیکنالوجی، کارپوریٹ فارمنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ملکی معیشت میں لائیوسٹاک کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ جینڈر سورٹڈ اسٹرا ٹیکنالوجی کی بدولت کسان مصنوعی افزائش نسل کے وقت جانوروں کی جنس کا انتخاب کر سکیں گے، جو ڈیری اور بیف دونوں شعبوں کے لیے نہایت اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور کینیڈا کا زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ہائبرڈ بیج اور لائیو اسٹاک میں شراکت داری کی راہ ہموار

ڈیری فارمنگ میں مادہ جانوروں کی زیادہ اہمیت کے باعث یہ ٹیکنالوجی دودھ کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ ممکن بناتی ہے، جبکہ بیف سیکٹر میں نر جانوروں کے انتخاب سے گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے جانوروں کی اعلیٰ نسلوں کا فروغ ممکن ہوگا اور کسانوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

اس سے قبل پاکستان میں جینڈر سورٹڈ اسٹرا درآمد کیا جاتا تھا جو مہنگا ہونے کے ساتھ محدود پیمانے پر دستیاب تھا، تاہم گرین کارپوریٹ لائیوسٹاک انیشیٹو کے اس اقدام کے بعد اب یہ معیاری اسٹرا عام کسانوں کو مناسب قیمت پر دستیاب ہیں۔

اعلیٰ معیار کے اسٹرا کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ادارے نے امریکہ، برازیل، آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے اعلیٰ ترین خصوصیات کے حامل نامور بریڈنگ بیل درآمد کیے ہیں، تاکہ دودھ اور گوشت دونوں اقسام کے جانوروں کے لیے الگ الگ نسلوں کے جینڈر سورٹڈ اسٹرا فراہم کیے جا سکیں۔

کسانوں نے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ان کی پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت میں کمی اور منافع میں اضافہ بھی ممکن ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ لائیوسٹاک سیکٹر میں جینیاتی بہتری اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور پاکستان کو خطے میں جدید مویشی پالنے کے شعبے میں نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *