حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں جدید اور شفاف مالی نظام کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اب کاروباری لین دین مرحلہ وار کیش کے بجائے ڈیجیٹل ذرائع سے کیا جائے گا، تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو اور مالی معاملات میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دیا جا سکے۔
حکومت کی طرف سے جاری مراسلے کے مطابق تمام کاروباری مراکز، تاجروں اور پرچون فروشوں کو اپنی دکانوں پر نمایاں طور پر کیو آر کوڈ آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ادائیگیاں آسانی سے ڈیجیٹل ذرائع سے کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ لین دین کےلیے کیو آر کوڈ اور راسٹ سسٹم کے استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی کاروباری مرکز میں کیش لیس نظام کے نفاذ میں رکاوٹ نہ آئے۔ مراسلے میں خاص طور پر صوبہ بھر کے پٹرول پمپس فوری طور پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ چونکہ پیٹرول پمپس پر لین دین فوری نوعیت کا ہوتا ہے، اس لیے وہاں نہ صرف کیو آر کوڈ بلکہ موبائل کے ذریعے ادائیگی کو بھی لازمی بنایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مالی معاملات میں شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کے لیے بھی ادائیگی کے عمل کو آسان، محفوظ اور وقت کی بچت والا بنایا جا سکے گا۔ حکومت پنجاب کی یہ پیش رفت صوبے میں کیش لیس معیشت کی طرف اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، جس کے ذریعے کاروباروں اور صارفین کے درمیان لین دین زیادہ مؤثر اور منظم ہو جائے گا۔