پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت نئی قسط کی مالی امداد کی ادائیگیاں مرحلہ وار شروع کر دی گئی ہیں جس کے تحت مستحق خواتین کو ان کی رقوم کی فراہمی جاری ہے۔ 18 مئی 2026 سے شروع ہونے والے اس نئے مرحلے میں باقاعدہ ادائیگیوں کے ساتھ بچوں کے وظائف بھی شامل ہیں۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن مستحقین کے والیٹ اکاؤنٹس 15 مئی 2026 یا اس سے پہلے بلاک ہو چکے تھے، وہ اپنی رقم متعلقہ والیٹ اکاؤنٹ سے وصول کر سکیں گے۔ مزید یہ کہ وہ مستحق خواتین جنہوں نے اپنے والیٹ اکاؤنٹس تبدیل نہیں کروائے، وہ بھی اپنے ضلع کے کسی مجاز ادائیگی کیمپ یا ایجنٹ کے ذریعے رقم وصول کر سکتی ہیں۔
بی آئی ایس پی حکام نے تمام مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادائیگی وصول کرتے وقت اپنی اصل شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں اور کسی غیر متعلقہ فرد یا ایجنٹ کو اضافی رقم ادا نہ کریں۔ پروگرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مستحقین کو بروقت اور شفاف انداز میں ادائیگیاں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
اس کے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے اپنی اہلیت اور ادائیگی کی معلومات حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ مستحق افراد اب سرکاری 8171 ویب پورٹل یا ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنے شناختی کارڈ نمبر سے اپنی اہلیت اور ادائیگی کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔
بی آئی ایس پی کے مطابق بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت سہ ماہی قسط 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 19 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔ مستحق خواتین اور خاندان اپنے شناختی کارڈ نمبر کو 8171 پورٹل پر درج کر کے اہلیت معلوم کر سکتے ہیں، یا پھر متعلقہ بٹن پر کلک کر کے ادائیگی کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ کی سہولت نہ رکھنے والے افراد بھی 8171 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے موبائل کے میسج باکس میں بغیر ڈیش کے شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8171 پر بھیجیں، اور جواب موصول ہونے کے بعد اہلیت یا ادائیگی سے متعلق تفصیلات حاصل کریں۔ بی آئی ایس پی حکام نے واضح کیا کہ 8171 ہی پروگرام کا سرکاری نمبر ہے، اور کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر اعتماد نہ کیا جائے۔