پنجاب بھر میں شدید گرمی اور متوقع ہیٹ ویو کے باعث تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات معمول سے پہلے شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہےنجی ٹی وی کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول مئی کے آخری ہفتے میں بند کیے جا سکتے ہیں۔
شدید گرمی سے متعلق نئی موسمی وارننگ جاری
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مئی، جون اور جولائی کے لیے تازہ موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق سات مئی سے گیارہ مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا خدشہ ہے جبکہ کئی اضلاع میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،موسمی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران شمالی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں جبکہ مشرقی علاقوں میں کم بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔
عید تعطیلات کے باعث لمبی چھٹی کا امکان
رواں برس عید الاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات ستائیس مئی سے انتیس مئی تک متوقع ہیں، اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹیاں شامل ہونے سے طلبہ اور اساتذہ کو مسلسل کئی دنوں کی تعطیلات مل سکتی ہیں،عام طور پر موسمِ گرما کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو 27 مئی سے ہی بند کر دیا جائے گا۔
تعلیمی دن بڑھانے کی تجویز زیر غور
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی نقصان کم کرنے کے لیے نئی تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت گرمی کی چھٹیوں میں 15 سے20 دن جبکہ سردیوں کی تعطیلات میں پانچ سے چھ دن تک کمی کرنے پر غور کر رہی ہے،اس اقدام کا مقصد سالانہ تعلیمی دنوں کی تعداد ایک سو اسی سے بڑھا کر ایک سو نوے کرنا ہے تاکہ طلبہ کی پڑھائی میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
نجی اسکولوں کی سمر کیمپس کی اجازت کی درخواست
ادھرشدید گرمی اور غیر اعلانیہ تعطیلات کے باعث نجی تعلیمی اداروں نے بھی حکومت سے خصوصی اجازت مانگ لی ہے، اسکول مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں صبح سات بجے سے دس بجے تک سمر کیمپس چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان کم کیا جا سکے،ان کا مؤقف ہے کہ حالیہ تعطیلات کی وجہ سے نصاب متاثر ہوا ہے اور اضافی تعلیمی سرگرمیوں کے بغیر اس نقصان کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔
حتمی اعلان موسم اور عید کے فیصلے سے مشروط
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے حتمی شیڈول کا اعلان موسمی صورتحال اور عید الاضحیٰ کی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے بعد کیا جائے گا، حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔