بھارت کو جنگ میں شکست دینے کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کا اہم پیغام آگیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کیلیے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہیں
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی، ادارہ جاتی عزم کو مزید مستحکم کیا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سسٹمز اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔ معرکۂ حق کے دوران انجام دیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے، پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں پاکستانی مسلح افواج کی ہر تیاری ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے پاکستان کیلیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔
پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں۔ پاکستانی مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے جدید صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا، اِن شاء اللہ آج رات پوری قوم پاک فضائیہ کے ہر جوان، افسر اور اہلکار کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی، انتھک محنت اور غیر معمولی آپریشنل توجہ پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی قوم کی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنے عزم، مہارت اور جذبۂ قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔