پی ایس ایل 11 : پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے

پی ایس ایل 11 : پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کا پلے آف مرحلے کاآغاز آج سے ہوگا ، جہاں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہونگے ۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں شام 7 بجے میدان میں اتریں گی ۔

پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کوشال مینڈس فٹ ہیں اور میچ کے لئے ٹیم کو دستیاب ہونگے، زلمی نے گیارہویں ایڈیشن میں بہترین کرکٹ کھیلی، اس نے دس میں سے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی، صرف لاہور قلندرز اسے شکست دے سکی۔

کوشال مینڈس 500 اور کپتان بابر اعظم 485 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں تو سفیان مقیم ٹورنامنٹ میں 19 وکٹیں لیکر ٹاپ باولر ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں6 فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان لیگ میں ہونے والا میچ بارش کی نذر ہوگیا ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 3 اور پشاور زلمی ایک بار ٹائٹل جیت چکی ہے۔

پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں لاہور میں مدمقابل ہوں گی، دوسرا ایلیمنیٹر بھی لاہور میں ہی یکم مئی کو کھیلا جائے گا، لیگ کا فائنل 3 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوالیفائر اور دونوں ایلیمنیٹرز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا گیا ، آئی سی سی ایلیٹ پینل میچ ریفری رچی رچرڈسن 28 اپریل کو ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے کوالیفائر میچ میں ریفری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم ہمیشہ سے ہی ورلڈ کلاس تھا ، اظہر محمود نے ناقدین کو خاموش کروادیا

نیوزی لینڈ کے کرس گیفنی اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلکس وارف کوالیفائر میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے، دونوں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہیں۔

کوالیفائر کیلئے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل ایمپائر فیصل خان آفریدی اور پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل امپائر ذوالفقار جان بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر ہوں گے ، دونوں ایلیمنیٹرز میں میچ ریفری کا کردار سری لنکا سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار روشن مہانامہ ادا کریں گے۔

روشن مہانامہ کو پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں بطور میچ ریفری کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، روشن مہانامہ اب تک پی ایس ایل کے 127 میچز میں بطور میچ ریفری فرائض انجام دے چکے ہیں۔

حیدر آباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کے مابین 29 اپریل کو لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ایلیمنیٹر میں بنگلادیش کے شاہد سیکت اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، شاہد سیکت آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر جبکہ آصف یعقوب آئی سی سی ایمرجنگ پینل امپائر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عثمان خان نے پی ایس ایل میں تاریخ رقم کردی، سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والےکھلاڑی بن گئے

پہلے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایمرجنگ پینل امپائر راشد ریاض تھرڈ جبکہ آئی سی سی انٹرنیشنل پینل امپائر ناصر حسین فورتھ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر احسن رضا اور شاہد سیکت آن فیلڈ جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔

editor

Related Articles