میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے لاہور پہنچ گئے جہاں انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات بلال یاسین کے ہمراہ مختلف امور پر گفتگو کی، اس موقع پر انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی انتظامیہ کے ساتھ لاہور میں جاری شہری سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کا مشاہدہ کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ٹیم کے ہمراہ لاہور کے نظام کو سمجھنے اور یہاں کے ترقیاتی ماڈل کا جائزہ لینے آئے ہیں تاکہ کراچی میں بھی بہتر حکمت عملی کے ساتھ عوامی سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کا موازنہ سیاسی یا منفی انداز میں کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ دونوں بڑے شہروں کو ایک دوسرے کے مقابلے کے بجائے تعاون اور سیکھنے کے زاویے سے دیکھا جائے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور واسا لاہور کے درمیان باہمی تعاون کے لیے ایک معاہدہ مفاہمت کرنے کی خواہش ہے تاکہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں اس طرح کے روابط سے شہری انتظامیہ میں بہتری آئے گی اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا معاشی مرکز ہے اور یہ پورے ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو صرف تنقید یا مقابلے کے بجائے اس کے حقیقی کردار کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ یہ شہر پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا اہم ستون ہے۔
انہوں نےکہا کہ ملک کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام شہروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔