بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 2 بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پہلی کارروائی ضلع ہرنائی میں کی گئی جہاں خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ایک مخصوص مقام پر موجود ہیں اور علاقے میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی: سیکیورٹی فورسز کا اورناج میں بڑا آپریشن، 14 دہشت گرد ہلاک

بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے بارہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

دوسری کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع بسیمہ میں کی گئی جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

فورسز کی اس کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں اور حملوں میں ملوث رہے تھے جن میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی وارداتیں شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دونوں علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے اور علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور مشکوک سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بازیابی کےلئے آپریشن جاری، بڑی تعداد میں بی ایل اے کے دہشتگرد ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

پاک فوج کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری ہیں جبکہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *