اپنی منفرد آواز اور لازوال گیتوں کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی برطانوی پاپ گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بونی ٹائلر گزشتہ کئی ہفتوں سے پرتگال کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں، جہاں وہ بیماری کے باعث انتقال کر گئیں۔ ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ اہل خانہ اور ان کی ٹیم اس المناک خبر پر گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔
بونی ٹائلر نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں اپنی منفرد، کھرکھری آواز سے موسیقی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل کیا۔ ان کے مشہور گانوں میں ’’ ہولڈنگ آوٹ فار آ ہیرو،ٹوٹل ایکلیپس آف دی ہارٹ‘‘ اور دیگر متعدد عالمی ہٹ گیت شامل ہیں، جنہوں نے انہیں بین الاقوامی شہرت دلائی۔
رواں برس جون میں ان کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ آنت میں سوراخ ہونے کے باعث ان کا ہنگامی آپریشن کیا گیا، جس کے بعد انہیں تقریباً ایک ماہ تک مصنوعی بے ہوشی میں رکھا گیا۔ اگرچہ وہ بعد میں ہوش میں آ گئی تھیں، تاہم ان کی طبیعت مسلسل تشویشناک رہی، جس کے باعث اگست تک کے تمام میوزک شوز منسوخ یا مؤخر کر دیے گئے تھے۔
بونی ٹائلر کے نمائندے اور معروف میوزک ایگزیکٹو جڈ لینڈر نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بونی جیسی فنکارہ صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔ ان کے بقول وہ غیر معمولی آواز، شاندار حس مزاح اور اسٹیج پر جادو جگانے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں برطانیہ کی عظیم ترین گلوکاراؤں میں شمار کیا۔ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے بیان میں کہا گیا کہ بونی ٹائلر اپنی موسیقی کی صورت میں ایسا ورثہ چھوڑ گئی ہیں جو آنے والی نسلوں تک زندہ رہے گا۔
بونی ٹائلر کا اصل نام گینر ہاپکنز تھا۔ وہ ویلز میں ایک کوئلہ کان کن کے گھر پیدا ہوئیں اور 1975 میں موسیقی کے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا۔ 1983 میں ریلیز ہونے والا ان کا شہرہ آفاق گانا ’’ ٹوٹل ایکلپس آف دی ہارٹ‘‘ برطانیہ اور امریکا کے میوزک چارٹس میں پہلے نمبر پر رہا اور بعد ازاں ایک ارب سے زائد بار اسٹریم ہونے والے مقبول ترین گانوں میں شامل ہوا۔
اپنے کیریئر کے دوران بونی ٹائلر تین مرتبہ گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئیں، 2013 میں یوروویژن سانگ کانٹیسٹ میں برطانیہ کی نمائندگی کی، جبکہ 2023 میں موسیقی کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
ان کے انتقال پر دنیا بھر کے مداحوں، فنکاروں اور موسیقی سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق آخری رسومات کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔