کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو بڑا دھچکا، چوٹی کے رہنما فیصل جمیل کاشمیری نے اپنی راہیں جدا کر لیں

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو بڑا دھچکا، چوٹی کے رہنما فیصل جمیل کاشمیری نے اپنی راہیں جدا کر لیں

آزاد کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو بڑا سیاسی دھچکا لگا ۔ تنظیم کے اہم رہنما فیصل جمیل کاشمیری نے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کر دیا۔ تنظیم کے خلاف عوامی ردعمل اور سیاسی منظرنامے میں تبدیلی کے باعث اس کے کئی سابق حامی بھی لاتعلقی اختیار کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فیصل جمیل کاشمیری نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے پاکستان مخالف بیانیے اور ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے سے اختلاف کرتے ہوئے تنظیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ ان کی علیحدگی کو تنظیم کے لیے ایک اہم نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل مظفرآباد کے علاقے گڑھی دوپٹہ بازار چٹھیاں کے صدر انجمن تاجران شوکت کھوکھر بھی ویڈیو بیان کے ذریعے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک تنظیم عوامی حقوق اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے سرگرم تھی، تاجروں سمیت عوام کی حمایت اسے حاصل رہی، تاہم مبینہ ریاست مخالف سرگرمیوں کے سامنے آنے کے بعد اس کی حمایت جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ 2026ء ، ایک دن میں سب سے زیادہ حاضری کا عالمی ریکارڈ قائم

شوکت کھوکھر کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی اور بجلی سبسڈی جیسے عوامی مسائل پر پوری کشمیری قوم تنظیم کے ساتھ کھڑی تھی، لیکن جیسے ہی اس کا رخ تبدیل ہوا، عوام نے بھی اس سے فاصلہ اختیار کر لیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بلدیاتی و سیاسی سرگرمیوں کے تیز ہونے اور انتخابی عمل کے آغاز کے بعد عوامی توجہ انتخابات کی جانب منتقل ہو گئی ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد اپنے امیدواروں کے ہمراہ الیکشن کمیشن دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں مصروف ہے، جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی کاغذات جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی سرگرمیوں میں اضافے اور عوامی عدم دلچسپی کے باعث کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو اپنی احتجاجی کال مؤخر کرنا پڑی۔ تنظیم کی جانب سے مظفرآباد میں دی گئی احتجاج کی کال واپس لینے کو مبصرین عوامی حمایت میں کمی سے جوڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتیں مزید 2 فیصد گر گئیں ، پیٹرول وڈیزل مزید سستا ہونے کا امکان

ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے سابق رکن اور کور کمیٹی کے اہم ممبر جمیل احمد کشمیری نے بھی تنظیم سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں عوام کی بڑی تعداد اب احتجاجی سیاست کے بجائے جمہوری عمل اور ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کی طرف مائل دکھائی دے رہی ہے۔

مبصرین کے مطابق حالیہ پیش رفت کے بعد کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو تنظیمی اور عوامی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کی سیاست میں انتخابی سرگرمیاں مرکزی حیثیت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔

editor

Related Articles