وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر جلد سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیرِاعظم آئندہ 48 گھنٹوں میں سعودی عرب کے لیے روانہ ہو سکتے ہیں۔ اس اہم دورے کے دوران ان کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی موجود ہوگا۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی و عالمی امور، اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات کریں گے۔
مزید ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے سے قبل نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے، جس میں انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی صورتحال سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے سعودی عرب کے دورے کے بعد ترکی کے سرکاری دورے پر بھی جائیں گے، جہاں اعلیٰ سطح ملاقاتوں کا امکان ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق یہ دورے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور علاقائی سفارتکاری کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں، جن کے خطے کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔