ملک بھر میں یکم مئی کے موقع پر مسلسل تین چھٹیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2026 کے لیے سرکاری، بینک اور اختیاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں یکم مئی، بروز جمعہ، یومِ مزدور کے طور پر سرکاری چھٹی شامل ہے۔ اس کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بھی آ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مسلسل تین دن کی چھٹیاں میسر آئیں گی۔
یومِ مزدور ہر سال یکم مئی کو منایا جاتا ہے اور اس دن ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ چونکہ اس بار یکم مئی جمعہ کے دن آ رہا ہے، اس کے باعث اس سال شہریوں کو ایک مختصر مگر فائدہ مند وقفہ ملے گا، جو خاص طور پر ملازمین، طلبہ اور کاروباری افراد کے لیے خوشگوار ثابت ہوگا۔
شہری اس موقع کو سیر و تفریح، رشتہ داروں سے ملاقات یا گھریلو مصروفیات نمٹانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس دوران سیاحتی مقامات پر بھی رش بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ بہت سے لوگ اس موقع کو چھوٹے سفر کے لیے مناسب سمجھتے ہیں۔
یومِ مزدور کی اہمیت کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دن محنت کش طبقے کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن مختلف تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں مزدوروں کے حقوق اور مسائل پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔