قطر نے ایک بار پھر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی ہے اور کہا کہ پاکستان بہترین ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات میں کسی تیسرے ملک کی شمولیت کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر اس معاملے پر اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔
ماجد الانصاری نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل آتا ہے تو خطہ کسی منجمد تنازع کی طرف جا سکتا ہے جو دوبارہ وقتاً فوقتاً بھڑک سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قطر کسی بھی ملک کے اس اقدام کو تسلیم نہیں کرے گا جو آبنائے ہرمز پر دھمکی یا بندش کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کے تحفظ سے براہِ راست جڑا ہوا ہے اور دنیا کسی غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
ماجد الانصاری نے لبنان کے حوالے سے بھی بات کی اور اپنے ملک کی جانب سے لبنان اور اس کی مسلح افواج کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پانچ رکنی کمیٹی کے فریم ورک کے تحت بین الاقوامی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جاری ہم آہنگی کا ذکر کیا۔